ن لیگ اور پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان سے دوری اختیار کریں:وفاقی وزیر فواد چودھر ی
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھر ی نے کہاہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان سے دوری اختیار کریں، فضل الرحمان مذہبی کارڈ استعمال کررہے ہیں، پاکستان اور مسلح افواد کے کردار کا خیال رکھنا ضروری ہے ، اپوزیشن مولانا فضل الرحمان کے ہاتھوں میں نہ کھیلے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کو کرائے پر رکھا ہوا ہے ، کرایہ داری قانون کااطلاق مولانا فضل الرحمان پر ہونا چاہئے ، مسلم لیگ نے بھی مولانا فضل الرحمان کی خدمات کرائے پر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پر کیسز ہم نے نہیں بنائے تواحتجاج کی بنیاد کیاہے ؟ پیپلز پارٹی اور ن لیگ مولانا فضل الرحمان سے دوری اختیار کریں، چھوٹے مفادات کیلئے خودکو تنہا نہ کریں ، بعض چھوٹی جماعتوں کے کردار کودنیا میں مشکوک انداز میں دیکھا جاتا ہے ، وہ صحافی جو حکومت سے ناراض ہیں ، میں نے اس سے کہنا چاہتا ہوں کہ شدت پسندوں کے ساتھ جاکر تقاریر نہ کریں ، ہم نے مسلح تنظیموں سے سختی سے نمٹا ہے اور اب ہم سیاست کو اسی اور نوے کی دہائی میں نہیں جانے دیں گے اور سختی سے ایسے لوگوں سے نمٹیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جلسے جلوس کرنے کاحق ہے ، ہم احتجاج کیلئے کنٹینر بھی دیں گے اور پانی کی سبیلیں بھی دیں گے ، آپ احتجاج کرنے والے بنیں ۔ فواد چودھری نے کہا کہ جس کوبھی کوئی شکایت ہے ، وہ ہمارے ساتھ بیٹھ کرقواعد وضوابط طے کرے ، ہم ریگولیشن کی بات کرتے ہیں اور یہ صحافت پر قدغن نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پر پابندی کا الزام تحریک انصاف پر لگانا بے ہودہ ہے ، مدرسے کے بچوں کوسیاست کا آلہ کار بنایا جاتاہے ، مسلح گروپوں کو قانون کے دائرے میں لانا ہے ، مسلح تنظیموں سے سختی سے نمٹیں گے ۔