مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ظلم جاری, سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید،ایک زخمی
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ظلم جاری ہے، ضلع راجوڑی میں سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔ ضلع راجوڑی کے علاقے نوشہرہ میں بھارتی فوج نے علاقے کو سیل کر کے نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کیا، غاصب فوج نے بارہ مولا اور سوپور کے علاقوں میں بھی گھر گھر تلاشی لی۔ علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی، ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کیا۔غاصب فوج نے الزام لگایا کہ یہ افراد ایل او سی پر دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، اس دوران بھارت پاک فوج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ بھی ہوا۔ یاد رہے کہ ضلع راجوری میں 2000سے اب تک117مختلف واقعات میں 196افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔جبکہ 903واقعات میں 1079حریت پسند اور 414عام شہری شہید کئے گئے۔ضلع راجوری میں اسی عرصے میں 258سیکورٹی فورسز کے اہلکار بھی مارے گئے۔