ٹائیگر فورس کے رضاکار ملک بھر میں دس لاکھ پودے لگائیں گے:عثمان ڈار

نوجوانوں کے امور کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کے رضاکار ٹائیگر فورس کے دن کے موقع پر شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں گے جو اگلے مہینے کی نو تاریخ کو منایا جائےگا۔ آج (بدھ) اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضاکار اس دن ملک بھر میں دس لاکھ پودے لگائیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ محکمہ جنگلات پودہ لگانے کےلئے جگہوں کی نشاندہی کرے گا اور ٹائیگرفورس کے رضا کار ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پودے لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کو با اختیار بنانے کےلئے ایک ٹائیگر فورس ایپ کا بھی اجرا کیا گیا ہے۔