ملک بھرمیں مہنگائی کی شرح میں اضافہ؛ دودھ،دہی،چینی،سادہ روٹی سمیت 30 اشیائے ضروریہ مہنگی
اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کے بارے میں جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 28 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 3.68 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 30 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی ہیں۔ رواں مالی سال 2022-23 کے وفاقی بجٹ کے نفاذ کے بعد سے گذشتہ ایک ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی کے بعد پھر سے مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے، گذشتہ ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں3.68 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 37.67 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ملک میں ایک ہفتے میں 30 اشیائے ضروریہ مہنگی، 7 اشیاء کے نرخوں میں کمی ریکارڈ ہوئی، جب کہ گزشتہ ہفتے 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک میں جن تیس اشیائے روریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں ٹماٹر،دال چنا،دال مونگ اور دال ماش سمیت دیگر دالیں، گھی، لہسن، چاول، بجلی،نمک،لہسن،بیف،مٹن،آلو،کھلا دودھ،دہی،چینی،سادہ روٹی، چائے کی پتی،ایل پی جی،انرجی سیور ماچس اوردیگر اشیاء شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چکن، انڈے، سرسوں کا تیل،پیاز، کیلے اور گندم کا آٹا کی قمیتوں میں کمی واقع ہوئی۔