ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات ناجائز ہیں، اگر ہڑتال کے دوران کوئی بھی مریض جاں بحق ہوا تو ڈاکٹروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ رانا ثنا اللہ
وزیراعلی پنجاب کیمپ آفس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سروس اسٹرکچر سمیت ینگ ڈاکٹرز کے تمام مطالبات تسلیم کرچکی ہے لہذا ان کی جانب سے کی گئی ہڑتال اور او پی ڈیز کی بندش ناجائز اور غیر قانونی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث کسی بھی سرکاری ہسپتال میں کوئی بھی مریض جاں بحق ہوا تو ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ اس قسم کی ہڑتالیں کرکے ڈاکٹرز اپنے پیشے کو بدنام کررہے ہیں، حکومت نے فوری طور پر ڈاکٹرز کی ملازمت کو ضروری قرار دیا ہے جس کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے عہدے کی عزت کرتے ہیں مگر اس وقت ایسا شخص اس عہدے پر براجمان ہے جوصرف بدعنوانی میں ملوث رہا ہے لہذا راجہ پرویز اشرف کو وزیراعظم کہنا اس منصب کی توہین ہے۔