لاہورہائیکورٹ کا دوعہدہ کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری، عدالت عالیہ نے صدر آصف علی زرداری کوایک عہدہ چھوڑنے کے لئے پانچ ستمبر تک کا وقت دیا۔
لاہورہائی کورٹ کے فل بنچ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلہ سات صفحات پر مشتمل ہے ۔فیصلے میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ کے فیصلے کے خلاف ایک سال تک اپیل دائر نہیں کی گئی جس سے فل بنچ کا فیصلہ حتمی حیثیت حاصل کر چکا ہے۔ فیصلے کے مطابق عدالتی فیصلہ تسلیم کئے جانے کی بناءپر صدر کو پارٹی کے شریک چئیرمین کاعہدہ چھوڑ دینا چاہئیے تھا جبکہ اس بات کابھی جائزہ لیا جانا چاہئیے کہ صدر نے ابھی تک سیاسی عہدہ کیوں نہیں چھوڑا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صدر کو سیاسی عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے پانچ ستمبر تک مناسب وقت دیا جاتا ہے۔فیصلے میں اس توقع کااظہار کیا گیا ہے کہ صدر عدالت کی جانب سے فراہم کی گئی مہلت کے مطابق ایک عہدہ چھوڑ دیں گےجبکہ صدر کو اس فیصلے کی کاپی انکے پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے پہنچائی جائے گی۔فیصلے میں عدالت نے اٹارنی جنرل کو پابند کیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر عدالتی معاونت کے لئے عدالت میں پیش ہوں۔