نئے الیکشن اور مینڈیٹ کیلئے ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ طلال چوہدری
اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدی نے کہا ہے کہ اسمبلی کو مزید چلایا گیا تو ملک کا نقصان ہوگا، نئے الیکشن اورمینڈیٹ کے لیے ماحول پیدا کر رہے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری اور قمر زمان کائرہ نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی کاکردگی پر تنقید کی، گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کو مزید مہلت دی گئی تو ملک کے لیے خطرناک ہوگا، حکومت کے پاس نہ ٹیم ہے نہ صلاحیت ہے، اب ایک نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے۔طلال چوہدی نے کہا ہے کہ یہ حکومت اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی، ہم نے ہمیشہ مشترکہ اپوزیشن کی بات کی ہے۔طلال چوہدی کا کہنا تھا کہ ہمیشہ مشترکہ اپوزیشن کے فیصلوں پر عمل کرتے ہیں، تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی طبیعت جیسے ہی بہتر ہوتی ہے آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے، اپوزیشن جماعتیں اپنی حکمت عملی بنا رہی ہیں۔اس دوران قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بجٹ کے بعد صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے، حکومت نے کورونا کے لیے کوئی مشترکہ حکمت عملی نہیں اپنائی۔قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کسی بھی چیز کا نوٹس لیاتو اس کا بحران بڑھ گیا ہے، پی ٹی آئی کے اندر بھی لوگ دبائوکا شکار ہیں۔