حکومت گری ہوئی ہے، اس کا ہر لمحہ ملک پر بھاری ہے۔ شاہد خاقان عباسی
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ معیشت تباہ کرنے والے ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف کیس کو میڈیا پر براہ راست دکھایا جائے۔ ہم غیر قانونی اور بے بنیاد کیسز کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت سے تنخواہ لیتا ہے اس پر قانون کا اطلاق ہونا چاہیے کیونکہ آج ایک سرکاری ملازم عدالت میں گواہ کے طور پر پیش ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی سے 4 وزرا تبدیل کر دیئے گئے وزراء تبدیل ہوتے رہتے ہیں اور ایک وزیر دوسرے کی نفی کرتا ہے لیکن ہمیں ان وزیروں کی فکر ہے جنہیں کام کچھ نہیں آتا،وزرا اربوں ڈالر کا نقصان کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس ٹرمینل پر کیس کیا گیا ہے اس کو حکومت 5 دن تک بند نہیں کر سکتی جنہوں نے معیشت کو تباہ کیا وہ اب ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے 60 فیصد منصوبے نواز شریف کے لگائے ہوئے ہیں اور 40 فیصد بجلی ایل این جی سے پیدا ہو رہی ہے۔ ایل این جی نہیں خریدیں گے تو بجلی بند ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)کو وزرا کی کرپشن نظرنہیں آتی ؟ حکومتی نالائقی کے باعث کراچی کی انڈسٹری بند ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پاکستان کا کشمیر پر کیا موقف ہے پارلیمان میں بتایا جائے، کشمیر کے معاملے پر گو مگو کی کیفیت نہیں ہونی چاہیے تھی، حکومت گری ہوئی ہے، اس کا ہر لمحہ ملک پر بھاری ہے، حکومت جس راستے سے آئی تھی اسی راستے سے جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن چوری ہی کرنا ہیں تو پاکستان کو بہت خطرات ہیں، الیکشن چوری ہونگے تو ملک کو خطرہ ہے۔