پیٹرولیم مصنوعات پر50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے کی ترمیم منظور

اسلام آباد : قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کیلئے پیٹرولیم مصنوعات پر پچاس روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنےکی ترمیم منظور کرلی گئی، وزیرخزانہ کا کہنا ہے کہ پچاس روپے فی لیٹر یکمشت عائد نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں فنانس بل دو ہزار بائیس تئیس کی منظوری کا عمل جاری ہے ، پٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنےکی ترمیم منظور کرلی گئیں۔ وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پٹرولیم مصنوعات پر اس وقت لیوی صفر ہے، پچاس روپے فی لیٹر یکمشت عائد نہیں کی جائے گی، حکومت نے لیوی لگانے کی منظوری حاصل کی ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر فنانس بل میں تبدیلی نہیں کی گئی، 80فیصد ترامیم براہ راست ٹیکسوں سے متعلق کی گئیں، ہمارامقصد امیرپرٹیکس لگانا اور غریب کو ریلیف دینا ہے، آئی ایم ایف سے گزشتہ حکومت کےمعاہدےپرہی عمل کیا جا رہا ہے۔