لاہور ہائیکورٹ نے صدر زرداری کے دو عہدوں سے متعلق توہین عدالت کیس نمٹادیا. صدر کی جانب سے عدالتی حکم پر عملدرآمد خوش آئند ہے۔ چیف جسٹس

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے صدر زرداری دو عہدہ کیس میں توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت کی،،، وفاق کے وکیل وسیم سجاد نے عدالت کو بتایا کہ صدر نے سیاسی عہدہ چھوڑ دیا۔ ایوان صدر میں بھی سیاسی سرگرمیاں ختم ہوگئی ہیں۔اس پر لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ صدر کی طرف سے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد خوش آئند ہے ، عدالت صدر کی طرف سے فیصلے پر عملدرآمد کو سراہتی ہے ، بینچ کے دیگر ارکان بھی صدر کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ،صدر نے دو عہدوں کے کیس کے سلسلہ میں فیصلے میں عدالتی ہدایات پر عمل کیا ہے ،ہم توقع کرتے ہیں کہ صدر مملکت فادر آف دی نیشن کا کردار ادا کریں ۔چیف جسٹس لاہور ہائی کور ٹ مزید کہاکہ مفاد عامہ کے اس کیس سے آئین اور قانون کی بالادستی قائم ہوئی ، درخواست گزاروں کو اگر کوئی شکایت ہو تو عدالت سے دوبارہ رجوع کر سکتے ہیں ، لاہور ہائیکورٹ نے قراردیا کہ عدالتی فیصلے پر صدر کے عملدرآمد کے بعد کیس جاری رکھنے کی ضرورت نہیں ۔