نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا ،کینگروز نے کرکٹ بادشاہت کا تاج پانچویں بار سر پرسجا لیا ،مچل سٹارک ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار
آسٹریلیا نے تاریخ رقم کردی،کینگروز ایک مرتبہ دنیائے کرکٹ کے بادشاہ بن گئے- نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا،فیصلہ کن معرکے میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے ایک سو چوراسی رنز کا ہدف دیا، کسی بھی لمحے آسٹریلیا نے میچ پر اپنی گرفت کمزور نہ ہونے دی اور تینتیس ویں اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا،مائیکل کلارک نے کیرئر کے آخری ون ڈے میں کیپٹن اننگز کھیلی اور چوہتر رنز اسکور کیے،سٹیو سمتھ نے ناقابل شکست چھپن رنز بنائے- اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ڈراؤنا خواب ثابت ہوا،جارح مزاج کیوی کپتان برینڈن مکلم پہلے ہی اوور میں مچل سٹارک کا شکار بن گئے- ویسٹ انڈیز کیخلاف ڈبل سنچری بنانے والے مارٹن گپٹل بھی خاص کمال نہ دکھا سکے اور تینتیس کے مجوعی اسکور پر میدان بدر ہوئے،انہوں نے پندرہ رنز اسکور کیے-کین ولیم سن نے بارہ رنز بنا کر پویلین کی راہ لی- چوتھی وکٹ کی شراکت میں راس ٹیلر اور گرانٹ ایلیٹ نے ایک سو گیارہ رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور ایک سو پچاس تک پہنچا دیا- اس کے بعد تو جیسے کیوی بلے باز بیٹنگ کرنے کا ہی بھول گئے،،،اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں کینگروز کی جھولی میں ڈال دی، بلیک کیپس کی آخری سات وکٹیں صرف تینتیس رنز پر گریں- پوری ٹیم محض ایک سو تراسی رنز ہی پر ہمت ہار بیٹھی ، گرانٹ ایلیٹ تراسی اور راس ٹیلر چالیس رنز کیساتھ نمایاں بلے باز رہے،آسٹریلیا کی طرف سے مچل جانسن اور جیمز فالکنر نے تین تین جبکہ مچل سٹارک نے دو شکار کیے- فاسٹ بالر جیمز فالکنر کو بہترین بالنگ کرنے پر مین آف دی میچ جبکہ مچل سٹارک کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا- آسٹریلیا نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ انہیں ون ڈے کی بہترین ٹیم کیوں کہا جاتا ہے-