پنجاب میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں۔ دہشتگردی کےخلاف حکومت اورسیاسی ومذہبی جماعتیں متحدہیں:رانا ثنا اللہ
لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دعوے سے کہہ سکتا ہوں پنجاب میں کوئی نوگو ایریا نہیں ہے، اگر کوئی نوگو ایریا ہے توبتایا جائے۔ صوبے کےتمام مدرسوں کا تمام ریکارڈ حکومت کے پاس موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بھرپور طور پردہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی بیخ کنی کی گئی ہے۔ صوبے میں دہشت گردوں کا کوئی محفوظ ٹھکانا نہیں ہے۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر پولیس اورسی ٹی ڈی کارروائی کررہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری افواج نے وزیرستان میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو تباہ کیا۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ صوبائی وزیر قانون نے بتایا کہ صوبے میں فوج،رینجرز،پولیس،قانون نافذ کرنیوالے ادارے مشترکہ کارروائیاں بھی کررہے ہیں۔ ضرورت پڑنے پرفوج بھی انٹیلی جنس کی بنیاد پرکارروائی کرتی رہی ہے۔ کچے کے علاقے میں بھی آپریشن شروع کیا جارہا ہے۔