قائداعظم یونیورسٹی ایک ماہ بعد کھل گئی۔تدریسی سرگرمیاں بحال ہو گئیں
سرکاری جامع قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں تدریسی سرگرمیاں پھر سے بحال ہو گئی ہیں ۔ انتظامیہ اور پروفیسرز میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی رسہ کشی کا خاتمہ ہو گیا ۔ اکیڈمک ایسوسی ایشن کے مطالبے پر وی سی ڈاکٹر جاوید اشرف کو دس روز کی رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔کلاسز لگ گئیں تاہم طلبہ کی حاضری کم رہی۔
ڈاکٹر جاوید اشرف کی جگہ ڈاکٹر وقار علی نے قائم مقام وائس چانسلر کا چارج سنبھال لیا۔وی سی ڈاکٹر جاوید اشرف کےخلاف عائد الزامات پر تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔
پروفیسرز وی سی ڈاکٹر جاوید اشرف کے خلاف سراپا احتجاج تھے انہوں نے وی سی ڈاکٹر جاوید اشرف پر میرٹ کی خلاف ورزی اور انتظامی امور درست طریقے سے نہ چلانے کے الزامات لگائے تھے۔ انتظامیہ اور پروفیسرز میں رسہ کشی کے باعث تدریسی سرگرمیاں معطل ہوگئی تھیں۔