سندھ حکومت مخیر حضرات، فلاحی اداروں سے مشترکہ لائحہ عمل کیلئے مشاورت کرے، بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت فوری طور پر مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کے ذمہ داران سے مشترکہ لائحہ عمل کیلئے مشاورت کرے۔ مخیر حضرات اور فلاحی ادارے مستحق افراد کی مدد کیلئے سندھ حکومت کے بازو بنیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں یومیہ اجرت پر انحصار کرنے والوں کی امداد کے میکنزم کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے ہدایت دی کہ سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے۔ میں مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ ایک ایسا نظام بنانا ہوگا کہ حکومت، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات ایک پلیٹ فارم سے مستحقین کی مدد کریں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ مخیر حضرات اور فلاحی ادارے مستحق افراد کی مدد کیلئے سندھ حکومت کے بازو بنیں۔ سندھ حکومت نے مستحق افراد کی امداد کا انتہائی مؤثر اور ایک بہترین نظام بنایا ہے۔ مخیر حضرات اور فلاحی ادارے سندھ حکومت کے بازو بن کر زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ اگر کوئی اپنے پڑوسی کی بھی مدد کرسکتا ہے تو وہ بھی اس سخت وقت میں اپنا حصہ ڈالے۔ اگر آپ کسی ایک شخص کی مدد کرسکتے ہیں تو آگے بڑھیں اور اس بحران میں اپنا کردار ادا کریں۔ کورونا وائرس کے بحران سے ہم سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔ لاک ڈاؤن کا عمل طویل ہونے کی صورت میں سندھ حکومت کے پاس مکمل منصوبہ بندی ہونا چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کریں۔ لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کے ذریعے ہی کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ میرے نزدیک سب سے اہم اپنے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔ بلاول بھٹو نے ہدایت دی کہ سندھ میں کورونا سے مشتبہ افراد کی زیادہ سے زیادہ اسکریننگ کا عمل جاری رکھا جائے۔ کورونا ایمرجنسی سینٹرز اور اسپتالوں میں ہمارے ڈاکٹرز بہترین کام کررہے ہیں۔ میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو ان کی خدمات پر سلام پیش کرتا ہوں