کورونا کی تیسری لہر،سول ایوی ایشن نے مسافروں کیلئے سفری پابندیاں مزید سخت کر دیں
کورونا سے متاثرہ سی کیٹیگری ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لئے سفری پابندیاں مزید سخت کردی گئیں۔ ان ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے ائیر لائنز کو خصوصی اجازت نامہ لینا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس سے متاثرہ کیٹیگری سی والے ممالک کے مسافروں سے متعلق نیاہدایت نامہ جاری کردیا، ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کیٹیگری سی ممالک کے مسافروں کے لیے ائیرلائن کو خصوصی اجازت نامہ لینا ہوگا،مسافروں کی ٹیسٹنگ، اسکریننگ، ٹریسنگ اور قرنطینہ کی لازمی شرائط کوپوراکرناہوگا۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کی فہرست اور شناخت کی تفصیلات سی اے اے کودی جائیں گی فراہم کردہ تفصیلات محکمہ ہیلتھ کے حکام سے شئیر کی جائیں گی جبکہ درکار تفصیلات ائیرلائنز چیک ان بند ہوتے ہی سی اے اے پاکستان کوبھیجیں گی۔کیٹیگری سی میں شامل ممالک میں بوٹسوانہ، کولمبیا، کیمرون، گھانا، آئرلینڈ موزمبیق، کینیا ،نیدر لینڈ ، پیرو، پرتگال، ساتھ افریقہ، تنزانیہ اور زمبیا شامل ہیں۔