وزیراعظم نہیں سسٹم اور پارلیمنٹ اہم ہیں، نوازشریف اورعمران خان نے اسپیکر کی رولنگ کو چلینج کرکے پارلیمنٹ کی اہمیت کو نظر انداز کیا۔ وزیراعظم گیلانی
اسلام آباد میں پاکستان انجئیرنگ کونسل اور جاپان کے تعاون سے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ کو مٹھی بھر لوگ یرغمال نہیں بنا سکتے اور نہ ہی ہم ان کی لانگ مارچ کی دھمکیوں سے ڈرتے ہیں وہ اپنا شوق پورا کرلیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وہ الیکشن لڑ کر عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں، بیساکھیوں کے سہارے نہیں۔عمران خان اور نوازشریف رکن نہیں اسلئے انہیں پارلیمنٹ کی اہمیت کا اندازہ نہیں، انکی آپس کی چپقلش سے ملک کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کیلئے کچھ نہیں کررہی۔ نون لیگ والے ایک ٹکٹ میں دو مزے لینا چاہتے ہیں مگر عوام انہیں جان چکے ہیں اور انکی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا وزیراعظم نہیں بلکہ سسٹم اور پارلیمنٹ اہم ہیں، پارلیمنٹ کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔حکومت فری اینڈ فئیرالیکشن پر یقین رکھتی ہے لیکن ہمیشہ نگران حکومتیں ہمارے خلاف بنتی رہی ہیں،نیٹو سپلائی کے معاملے پر بات چیت جاری ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ وسیع تر ملکی مفاد میں ہی کیا جائے گا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیں گے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے ورکر ویلفیئر فنڈز سے اپنے لوگوں کو گھر بنا کر دینے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ رحمان بابا بیرون ملک ہیں وہ واپس آئیں تو اس کی انکوائری کے بارے میں سوچیں گے ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کے معاملات کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے جبکہ توانائی بحران حل کرنے کے لئے بھی سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔