پشاور میں پی ٹی آئی کے کارکن لوڈ شیڈنگ پر آپے سے باہر ہوگئے۔
پشاور سمیت خیبر پی کے کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ نے کھلاڑیوں کا پارہ ہائی کردیا۔ پشاور کے علاقے اچینی بالا میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے ایم پی اے فضل الہی کی قیادت میں شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے سڑک ٹریفک کیلئے بلاک کردی جس سے شہریوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین واپڈ کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ لوڈ شیڈنگ ختم کرکے بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقنی بنائے جائے۔۔ دوسری جانب مالاکنڈ میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے لوڈ شیڈنگ کیخلاف شدید احتجاج کیا او واپڈا آفس میں گھس کرتوڑ پھوڑ کی۔ چارسدہ میں عمرزئی کے علاقے میں غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے لوڈ شیڈنگ ختم نہ کرنے پر واپڈ آفس کے گھیراؤ کی دھمکی دیدی۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل پی ٹی آئی کے ایم پی اے فضل الہی نےپشاور میں زبردستی گرڈ سٹیشن میں داخل ہوکر فیڈرز سے بند کی گئی بجلی چلادی تھی۔ پیسکو حکام کی جانب سے گرڈ سٹیشن میں داخل ہونے پر ایم پی اے کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی تھی