وزیر خارجہ نے عمرہ ادا کرلیا
دورہ سعودی عرب کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمرہ ادا کیا اور ملک کی ترق،خوشحالی اور یگانگت کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رمضان کے بابرکت مہینے میں عمرہ کی ادائیگی کی ،اس موقع پر انہوں نے ملک کی ترق،خوشحالی اور یگانگت کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ عمرہ ادائیگی کے بعد شاہ محمود قریشی اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچیں گے۔ جہاں وہ آج مکہ معظمہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے،اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے مسودے مکہ اعلامیے کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ شاہ محمود قریشی اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں علاقائی صورتحال خصوصاً ایران اور مشرق وسطیٰ سے متعلق جاری کشیدگی پر اپنے ملک کا موقف پیش کریں گے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اپنے ہم منصبوں اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کریں گے۔اس موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بھی متوقع ہے جہاں رکن ممالک اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے