جعل سازوں اور مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا شکنجہ مزید سخت
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سر براہی میں جعل سازوں اور مافیا کے خلاف شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا۔شالیمار سوسائٹی لاہور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہرِ لاہورکے باسیوں کو ہزاروں لیٹر جعلی ڈرنکس سے بچا لیا گیا۔مختلف برانڈز کی تین ہزار لیٹر سے زائد تیار بوتلیں، مشینیں اور8 ہزار کا خام مال برآمد کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے عید کے لیے جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔شالیمار سوسائٹی لاہور میں واقع فیکٹری سے مختلف برانڈز کی تین ہزار لیٹر سے زائد تیار بوتلیں، 8 گیس سلنڈر، فلنگ مشین،مکسنگ مشین، جعلی لیبلز، خالی بوتلیں، ڈھکن اور8 ہزار کا خام مال ضبط کر لیا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مصنوئی فلیورز، کیمیکلز اورگندے پانی سے مختلف برانڈز کی جعلی ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں۔مضر صحت جعلی بوتلوں کی بڑی کھیپ لاہور اور گردونواح میں عید پر سپلائی کے لیے تیار کی جا رہی تھی۔جعل سازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے فیکٹری مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیاہے۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ منظور شدہ فارمولے کے بغیر تیار کی گئی جعلی ڈرنکس معدے کے السر اور کینسر کی بڑی وجہ بنتی ہیں۔ جعلی کولڈ ڈرنکس بچوں اور بڑوں کی صحت سے خطرناک کھلواڑ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جعل سازی کرنے والی فیکٹری کا تمام مال ضبط کر کے فیکٹری اکھاڑدی جاتی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عید پر سپلائی ہونے والی خوراک کی سخت چیکنگ جاری ہے۔ صوبہ بھر میں محفوظ خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔