حرمین شریفین کی حرمت یا سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات ہوئی ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے چودہویں سربراہی اجلاس کی میزبانی پر سعودی وزیرخارجہ کو مبارکباد پیش کی۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر اپنے سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کی حرمت یا سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان نے پاکستانیوں کے دلوں میں انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب سے گذارش کی کہ ان قیدیوں کی جلد رہائی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے جلد حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔