مریم اورنگزیب کا اعلی عدلیہ کے معزز جج صاحبان کیخلاف حکومتی ریفرنس پر اظہار تشویش
ترجمان مسلم لیگ(ن)مریم اورنگزیب نے اعلی عدلیہ کے معزز جج صاحبان کے خلاف حکومتی ریفرنس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کوئی اختلافی رائے نہیں سننا چاہتے، خواہ وہ پارلیمنٹ سے آئے، میڈیا سے آئے یا عدلیہ سے۔ اعلی عدلیہ کے ججز کے خلاف ریفرنس حکومت کا عدلیہ پر اپنی مرضی مسلط کرنے کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے وکلا برادری سے مل کر عدلیہ بحالی کی طویل جنگ لڑی۔ نواز شریف کی قیادت میں پوری قوم باہر نکلی تو عدلیہ کی فتح ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) عدلیہ پر حملے کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔ پارلیمان اداروں کی ماں ہے اور ماں بن کر آئین کے نگہبان اور پاسبان ادارے کا تحفظ کرے گی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ دستوری اداروں کی حفاظت، دفاع اور مضبوطی کیلئے ہر قربانی دیں گے۔ جمہوریت کی حقیقی روح دستور کی بالادستی، اس پر عمل، جمہور کی آزادی و ملکی خودمختاری میں ہوتی ہے۔ آئینی اداروں کو مفلوج کرنا پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔