حکومت برآمدی شعبوں کیساتھ ابھرتےشعبوں کو بھی سہولت فراہم کررہی ہے،مشیر تجارت
مشیر تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائو دنے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے اور ٹیکسوں کو آسان بنانے ، ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی سمیت بڑے پالیسی اقدامات شامل ہوںگے ۔انہوں نے یہ بات آج کورونا کے بارے میں وزارت تجارت کے تھنک ٹینک کے اجلاس کی ویڈیو لنک کے ذریعے صدارت کرتے ہوئے کہی ۔مشیر تجارت نے کہاکہ کورونا دنیا میں ایک بڑی تبدیلی لایا ہے اور معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔انہوں نے اس امر پر زوردیا کہ یہ صورتحال کاروباری ماڈلز کو نئی شکل دینے کا بھی ایک موقع ہے ۔عبدالرزاق دائود نے کہاکہ موجودہ حکومت ناصرف اہم برآمدی شعبوں کی دیکھ بھال کررہی ہے بلکہ ابھرتے ہوئے شعبوں کو سہولتیں فراہم کررہی ہے۔صنعتی نمائندوں نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں حکومتی اقدامات کوسراہا جس کے ثمرات کورونا سے پیداہونے والی بحرانی صورتحال سے قبل ہی ملنا شروع ہوگئے ہیں ۔عبدالرزاق دائود نے تھنک ٹینک کے ارکان کی تجاویز کوسراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو بین الاقوامی اورملکی منڈیوں میں اپنے حصے میں اضافے کے ذریعے تیز تر ترقی کیلئے جدید سوچ اپنانے کی ضرورت ہے ۔