پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی پارلیمان سے منظوری کو ناکام بنائیں گے: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازمین کی جانب سے بنائے گئے بجٹ کی منظوری پاکستان کی خودداری پر ایک حملہ ہوگا، عوام پی ٹی آئی کے کرتوتوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں، بھاری بھرکم ٹیکسوں کے ذریعے عام آدمی کی جیبوں سے پیسہ نکال کر خزانہ بھرنے کا دعوی کارنامہ نہیں بلکہ شرم کی بات ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سخت شرائط پر لئے گئے قرضوں اور ناقابل برداشت ٹیکسوں سے خزانہ بھرنے کا دعوی معاشی ترقی نہیں کہلاتا، ملک کے عام آدمی کے پاس مہنگی دوا خریدنے تک کے پیسے نہیں ہیں تو وہ خزانہ بھرنے کے عمران خان کے دعووں کا آخر کیا کرے گا ؟ دنیا کی مہذب ریاستوں میں معاشی ترقی کا صرف ایک پیمانہ ہے کہ عام آدمی کی زندگی خوشحال ہو، عمران خان کا ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کا مقروض کر کے معاشی ترقی کے گن گانا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے جیسا ہے۔