ایم کیو ایم لندن کے 3 دہشت گرد 4 جون تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
انسداد دہشتگری کی منتظم عدالت نے بارودی مواد اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں ایم کیو ایم لندن کے 3 دہشتگردوں کو 4 جون تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ہفتے کو انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت کے روبرو بارودی مواد اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات میں سی ٹی ڈی نے ایم کیو ایم لندن کے 3 دہشتگردوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمان میں سابق زونل انچارج نعیم خان،علیم الدین اور عمران شامل ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزموں کو پولیس نے اللہ والا ٹاون اور لانڈھی سے گرفتار کیا۔ ملزموں سے بارودی مواد اور غیر قانونی اسلحہ پرآمد ہوا تھا۔ ملزموں نے ایم کیو ایم حقیقی کے مرکز بیت الحمزہ پر حملہ کیا۔ملزموں پر ایم کیو ایم حقیقی کے کارکنوں کوقتل کرنے کا بھی الزام ہے۔ ملزموں نے پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں پر بھی حملے کیا۔ ملزمان سے تفتیش کرنی ہے ریمانڈ دیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے ملزموں کو 4 جون تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔