جھوٹے یہ تصویر ایک سال پرانی نوشہرہ میں آئل ڈپو میں آگ لگنے کی ہے. مریم اورنگزیب کا عمران خان کے بیان پر ردعمل

وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی ایک تصویر اوربیان پر ردعمل کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹے یہ تصویر ایک سال پرانی نوشہرہ میں آئل ڈپو میں آگ لگنے کی ہے۔19سال سے لوگوں کو جھوٹی ،جعلی تصویروں اور مصنوعی بیانیے سے ذہن سازی کر کے بیوقوف بنا بنا کر ملک دشمنی، دہشت گردی اور شہداء اور غازیوں کی بے حرمتی سکھائی۔ کہا ہے اب بس آرام سے دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر رات کو کامیڈی شو لگایا کرو، وہ بھی اپنی مجروح انا کی تسکین کے لئے ۔ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے سوموار کے روزٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کسی رات شو میں اپنے گھنائونے اور ناقابلِ معافی جرائم پر ان والدین سے معافی بھی مانگو جن کے بچوں کو گمراہ کر کے تم نے انہیں آزمائش میں ڈالا ہے، ان شہداء اور غازیوں کے خاندانوں سے معافی مانگو جن کے دل تم نیزخمی کئے کیونکہ اللہ تعالی اپنے بندوں کے حقوق کی خلاف ورزی معاف نہیں فرماتا۔واضح رہے کہ عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہمارے کراچی سے ایم پی اے ملک شہزاداعوان پرپارٹی چھوڑنے کے لئے دبائوڈالا گیا اورجب انہوں نے انکار کی اتوان کے فلیٹ کو آگ لگادی گئی اور اسے تباہ کردیا گیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی کے تمام ٹکٹ ہولڈرز اور ٹکٹ کے امیدواراس فاشزم کا سامنا کررہے ہیں، ہمارے بنیادی حقوق کی کھلے عام خلاف ورزی کی جارہی ہے جبکہ ہماری عدلیہ مبجور بن کر اسے دیکھ رہی ہے۔