نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کےلئے بجلی کے نرخوں میں چار پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کا اطلاق ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ہو گا.
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے پٹیشن کی سماعت نئے چیئرمین حبیب اللہ کنڈی کی زیر صدارت ہوئی۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نرخوں میں اضافہ ماہ اکتوبر کےلئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔حکام کے مطابق ماہ اکتوبر کے دوران ڈیزل سے بجلی کی تیاری بائیس روپے چونتیس پیسے ،فرنس آئل پر سولہ روپے سڑسٹھ پیسے اور پن بجلی کی پیداواری لاگت آٹھ پیسے فی یونٹ رہی۔جبکہ سات ہزار نو سو چھ گیگا واٹ میں سے دو سو چھیاسی گیگا واٹ بجلی لائن لاسز اور چوری کی نذر ہوئی۔نیپرا نے بجلی چوری اور لائن لاسز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے این ٹی ڈی سی اور سی پی پی اے کا موقف مسترد کر دیا۔ اس سے قبل نئے چیئرمین حبیب اللہ خلجی اور ممبر بلوچستان ہارون الرشید کی تقرری کے تنازع پر ممبران نےسماعت میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تاہم ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد نیپرا ممبران کو منا لیا گیا اور پٹیشن کی سماعت کی گئی