ہیملٹن ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چاروں شانے چت کرکے سیریز میں کلین سویپ کردیا۔
یواے ای کی ہومیو پیتھک وکٹ کے عادی شاہین کیویز کے دیس پہنچے تو پرواز بھول گئے ۔ ہیملٹن ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کو کامیابی کیلئے تین سو انہترز کا ہدف درکار تھے۔ کپتان اظہر علی اور سمیع اسلم نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ایک سو تیس رنز بنائے۔ اس دوران اظہر علی اٹھاون رنز بناکر سینٹنر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پاکستان کا اسکور ایک سو انسٹھ پر پہنچا تو بابر اعظم سولہ رنز پر چلتے بنے۔ سمیع اسلم نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور ساؤتھی کی گیند پر کین ولیمس کو کیچ دی بیٹھے۔ سمیع اسلم کا پویلین جانا ہی تھا کہ پاکستانی وکٹوں کی جھڑی لگ گئی ،،،ایک ایک کرکے بلے باز اپنی وکٹیں کیویز کی جھولی میں ڈالتے رہے اور پوری ٹیم دو سو تیس رنز پر ہانپ گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے نیل ویگنر نے تین ،،جبکہ مچل سینٹنر اور ٹم ساؤتھی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کیویز نے انیس سو پچاسی کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔