تین فٹ کا دولہا ساڑھے تین فٹ کی لمبی دلہن بیاہ لایا
گجرات (نامہ نگار) تین فٹ کا دولہا ساڑھے تین فٹ کی لمبی دلہن بیاہ لایا۔ تفصیل کے مطابق چوک ماہنا گجرات کے تحریک انصاف کے 3فٹ کے ٹائیگرکاشف عرف کاشی ڈان کی شادی شادیوال کی ساڑھے تین فٹ کی ہما سے ہو گئی۔ سالوں بعد اپنی شادی کی خواہش پوری ہونے پر ٹائیگر خوشی سے پھولے نہیں سما رہا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین تو شادی تقریب میں نہ آسکے مگر انکی جگہ پی ٹی آئی رہنما عثمان دھدرا پھولوں کا گلدستہ تھامے نو بیاہتا جوڑے کو مبارکباد دینے تقریب میں پہنچ گئے۔ جسم پر شیروانی، سر پر کُلاہ، پائوں میں کھسہ پہنے کاشف عرف کاشی ڈان ہر کسی کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا۔ دھوم دھام سے شادی تقریب کے بعد 28 سالہ دولہا کاشف عرف کاشی ڈان اپنی شادیوال سے آئی میٹرک ہی پاس 26سالہ دولہنیا ہما کا ہاتھ تھامے لیکر اپنے نئے سفر کی دنیا کیلئے چل پڑا۔ بارات میں آئے مہمان ننھے منھے دولہا کاشی ڈان کیساتھ سیلفیاں بھی بناتے رہے۔