مقبوضہ کشمیر میں محاصروں اورتلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے 1990ءکی دہائی کے طرز پر محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث خواتین، بچوں اور معمر افراد سمیت شہریوںکوسخت مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں شدید سردی میں گھنٹوں گھروں سے باہرکھلے مقامات پر گزارنا پڑتے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قابض فوج اور پولیس نے مقبوضہ وادی خاص طور پر جنوبی اضلاع میں تلاشی آپریشنز کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ اس دوران خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کو گھروں سے باہر نکال کر ایک جگہ جمع کیا جاتا ہے جس کے بعد گھروں کی تلاشی لی جاتی ہے اور لوگوں کے شناختی کارڑ چیک کیے جاتے ہیں ۔ سرینگر سے شائع ہونے والے ایک اخبار کے مطابق اس طرح کی تلاشی کی کارروائیوں 1990ءکی دہائی میں کی جاتی تھیں اور اب ان کا سلسلہ دوبارہ سے شروع کیا گیا ہے۔ اخبار کے مطابق بھارتی فوج کی 50راشٹریہ رائفلزاور پولیس ٹاسک فورس نے ضلع پلوامہ کے علاقوں کاکہ پورہ اور کسی پورہ میں رات بارہ بجے محاصرہ اور تلاشی کی کارروائی شروع کی جو صبح دس بجے تک جاری رہی اور اس دوران لوگوں کو سخت سردی میں پوری رات گھروں سے باہر رکھا گیا۔