آسٹریلیا میں 2 نوجوان سکول پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار
آسٹریلیا کی پولیس نے ایک سکول پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے 2 نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بندوقیں اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ۔ آسٹریلوی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی آسٹریلیا کے علاقے ریور لینڈ کی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا جو ایک سکول پر حملہ کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس نے گرفتار شدگان سے بندوقیں اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا ہے۔ پولیس کے شعبہ جاسوسی کے سپرنٹنڈنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں نوجوانوں کے حوالے سے اس ماہ کے اوائل میں خفیہ اطلاح موصول ہوئی تھی کہ وہ سکول پر ایک حملہ کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس سے بھاری جانی نقصان ہو سکتا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدہ نوجوانوں کی عمریں 16 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔ عدالت نے بڑے نوجوان پر اراداہ قتل اور چھوٹے پر دھمکی قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس واقعہ میںکسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔