جھم پیر میں ہوا کی مدد سے سستی توانائی کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے 23 منصوبے مکمل

جھم پیر میں ہوا کی مدد سے سستی توانائی کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے 23 منصوبے مکمل،30 سے 40 دیگر منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، صوبائی وزیر برائے توانائی امتیاز احمد شیخ
اسلام آباد ۔29 نومبر(اے پی پی)صوبہ سندھ کے علاقہ جھم پیر میں ہوا کی مدد سے سستی، شفاف اور متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے 23 منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ جھم پیر کوریڈور میں ہوا کی مدد سے بجلی پیدا کرنے کے لئے 30سے 40 دیگر منصوبہ جات کی جلد از جلد تکمیل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سندھ کے وزیر برائے توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبہ نے متبادل ذرائع سے بجلی پیداکرنے کے لئے 60 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ مختص کیا ہے جس سے متبادل ذرائع سے شفاف اور سستی بجلی پیداکرنے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عالمی بینک کی معاونت 100 ملین ڈالر کی لاگت سے شمسی توانائی کا ایک منصوبہ بھی شروع کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں پاکستان میں متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کی شرح کم ہے اور اس کا تناسب 5 فیصد کے قریب جس میں اضافہ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوامی کو شفاف ارو سستی توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔