100 دن کا کریڈٹ بشریٰ بی بی کو دیتا ہوں,جب بڑے چوروں کی بات کرتا ہوں تو چند لوگ گلا پھاڑ کر کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے: وزیراعظم عمران خان
تحریک انصاف کی حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے خصوصی تقریب جناح کنونشن سینٹرمیں ہوئی ، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 22 سال اپوزیشن میں رہ کر خود کو بتانا پڑتا ہے کہ وزیراعظم ہوں۔ انسان کے ہاتھ میں صرف کوشش ہوتی ہے کامیابی اللہ کے ہاتھ میں ہے، مدینہ کی ریاست میں تمام پالیسیاں رحم پر تھیں، غریبوں کو اوپر لانے کیلیے تھیں۔ساری پالیسیز کمزور طبقے کے لیے بنائی گئیں، زکوۃ پیسے والوں سے لے کر غریبوں کو دی گئی، معذوروں، یتیموں اور بیواؤں کا خیال رکھا گیا، ہمارے نبی ﷺنے فیصلہ کیا انسانی معاشرے میں کمزور طبقے کی ذمہ داری ریاست پر ہوتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 100 دن کا کریڈٹ بشریٰ بی بی کو دیتا ہوں، جب کسی پر ظلم دیکھتا ہوں تو غصہ آتا ہے کہ کیا ہو رہا ہے۔
جب بڑے چوروں کی بات کرتا ہوں تو چند لوگ گلا پھاڑ کر کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے، انہیں خوف ہے کہ سب کو پتا چل جائے گا کہ ان لوگوں نے ملک کو کیسے لوٹا، جب تک کرپشن پر قابو نہیں پاتے ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہو سکتا۔