نیب ہمارے ماتحت نہیں، ایک آزاد ادارہ ہے، ایف آئی اے نے اب تک 375 ارب روپے کے جعلی اکاؤنٹس پکڑے ہیں: وزیراعظم عمران خان

تحریک انصاف کی حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے خصوصی تقریب جناح کنونشن سینٹرمیں ہوئی ، جس سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم نے کہا کہ نیب ہمارے ماتحت نہیں، ایک آزاد ادارہ ہے، نیب میں کوئی چپڑاسی بھی ہم نے بھرتی نہیں کرایا، سب پہلے کی بھرتیاں ہیں، جو نیب کرتا ہے ہم اس کے ذمہ دار نہیں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیب سمیت سب کو تنقید برداشت کرنی چاہیے، نیب میں سزا کا تناسب 6 فیصد ہے، جو اس سے بہت زیادہ ہونا چاہیے، نیب پلی بارگین پر انحصار کرتا ہے اور نیب اس سے بہت بہتر کام کر سکتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ایف آئی اے کو مضبوط کیا ہے اور ایف آئی اے نے اب تک 375 ارب روپے کے جعلی اکاؤنٹس پکڑے ہیں ان اکاونٹس میں سے پیسہ آکر گیا ہے، اس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی ہےہم نے26 ممالک کے ساتھ مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے علاوہ 26 ملکوں سے ابھی تک پاکستانیوں کی جانب سے چھپائے گئے 11 ارب ڈالرز کا پتہ چلا ہے، 12 ارب ڈالرز کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور ابھی صرف 26 ملکوں سے اطلاعات ملی ہیں، سوئٹزرلینڈ ابھی باقی ہے، یہ پیسہ غیرقانونی ہے، کاروباری حضرات کا ہے یا چوری کا، یہ بعد میں پتا چلے گا۔ عمران خان نے کہا کہ پنجاب کا وزیراعلٰی عثمان بزدار کو بنایا تو بڑی تنقید ہوئی، یہ بہت سادہ آدمی ہیں، کوئی بڑی ٹوپی نہیں پہنتا لانگ بوٹ نہیں پہنتا۔