تنخواہ،پنشن ادائیگی،وفاقی کابینہ کی ریڈیو پاکستان کیلئے40کروڑ روپے کی منظوری
وفاقی کابینہ نے پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق ٹیکس پالیسی اور محصولات کی انتظامیہ کو الگ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس میں اس سلسلے میں تکنیکی طریقہ کار طے کرنے کیلئے ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی۔کابینہ نے ملک میں سخت مالیاتی نظم وضبط برقرار رکھنے کا اعادہ کیا تاکہ مالیاتی خسارے کو کم کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آخراجات اور آمدنی بجٹ تخمینے کے اندر رہیں۔کابینہ نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی مالی مشکلات، خاص طورپر ملازمین کی تنخواہوں اور پینش کے امور کا جائزہ لیتے ہوئے 40کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ادارے کو سہولت فراہم کی جائے۔تاہم کابینہ نے ایک جامع منصوبہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سخت مالیاتی نظم وضبط یقینی بنایا جائے اور ادارے کے مالی استحکام کیلئے آمدن میں اضافہ کیا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری شعبے میں کام کرنے والے کسی ملازم کو نوکری سے فارغ نہیں کیا جائیگا۔کابینہ نے ملک میں چینی کے اضافی ذخیرے اور کاشتکاروں کے بقایاجات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان معاملات کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھیج دیا جائے جو تفصیلی بجٹ کے بعد اس معاملے کا ترجیحی بنیادوں پر قابل عمل حل تجویز کرے۔وزیراعظم نے اجلاس کے دوران شوگر ملوں کے مسئلے کو حل کرتے وقت گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کا بھی اعادہ کیا۔