بھارتی فوج کشمیری نوجوانوں کو شہید کر کے جشن مناتی ہے: مشال ملک
اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر کے بھارتی فوج جشن مناتی ہے، کشمیری مائیں بیٹوں کے لاشے اٹھا اٹھا کر ذہنی توازن سے محروم ہو رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو اور محاصرہ 117 ویں روز بھی جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ مشال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر کے بھارتی فوج جشن مناتی ہے، کشمیری مائیں شہید بیٹوں کے جنازے کے جلوس کی قیادت کرتی ہیں۔ بیٹوں کے لاشے اٹھا اٹھا کر کشمیری مائیں ذہنی توازن سے محروم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم پر خاموشی اختیار کر کے عالمی برادری بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ مسلسل کرفیو اور محاصرے نے کشمیریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔ خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن 117 ویں روز میں داخل ہوچکا ہے۔ مقبوضہ وادی میں دکانیں، کاروبار اور تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے قتل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔