حسن علی کمر کے بعد پسلیوں کی تکلیف کا شکار
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی فٹنس مسائل سے چھٹکارا نہ پاسکے، کمر کے بعد اب پسلیوں کی تکلیف کا شکار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی قائداعظم ٹرافی کا میچ کھیلنے کے لیے کراچی گئے تھے، میچ سے پہلےحسن علی نے بائیں طرف پسلیوں میں تکلیف کا بتایا، کراچی میں ابتدائی اسکین رپورٹ میں ہئیرلائن فریکچر کا انکشاف ہوا ہے۔ حسن علی کا لاہور میں بھی اسکین کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فاسٹ بولر ستمبر میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے اور وہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز جبکہ دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں ری ہیب میں بھی حصہ لیا تاہم بولر کمر کی تکلیف سے چھٹکارا پاکر 100 فیصد فٹ نہیں ہوسکے۔ جبکہ پسلیوں کی تکلیف نے حسن علی کے کیریئر پر سوالات اٹھا دیے، فٹنس مسائل کے باعث فاسٹ بولر کراچی میں شروع ہونے والے قائداعظم ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں بھی وہ شریک نہیں ہوسکے تھے۔