سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے : وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا ہے کہ فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں قانونی ٹیم نے ترجمانوں کو عدالتی فیصلے اور کارروائی پر بریفنگ دی اور عدلیہ کے کردار کی تعریف کی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے، عدالت نے آئندہ کے لیے بھی رہنمائی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے اس طرح کے سوالات کبھی سامنے نہیں آئے لہذا عدالت اور قانون کی رہنمائی میں آئندہ کے لیے قانون سازی ہوگی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے مافیا کو مایوسی اور ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی، اپنا پیسا بچانے والے اِس مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہوگی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ترجمانوں کو فارن فنڈنگ کیس پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں قانونی ٹیم پر تحفظات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے، جمہوریت میں اختلاف ہوتا ہے۔وزیراعظم نے قانونی ٹیم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ قانونی ٹیم نے عدالت عظمی کو مطمئن کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور عدالتی فیصلہ قانونی ٹیم کی کامیابی ہے۔وزیراعظم نے اجلاس کے دوران بڑی تبدیلیوں کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ میں ہفتے کو لاہور جا رہا ہوں، بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہوں گی۔ ارکان نے رائے دی کہ رانا تنویر کو پی اے سی کا چئیرمین بنانے کا جواز نہیں تھا۔وزیراعظم نے ترجمانوں کو اداروں میں ہم آہنگی کا موقف اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جس مافیا نے 15 مہینے زور لگایا، وہ ناکام ہوگا۔ ڈوبتی معیشت کو چلنے کے قابل بنا دیا ہے۔ ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کا اصل غم معیشت کی بہتری ہے۔