عمران خان وزیراعظم کی کرسی تک بیساکھیوں کے سہارے پہنچے ہیں:عظمیٰ بخاری

لاہور: مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ عمران خان کرکٹ میں بھی میچز فکسنگ کرتے رہے ہیں اور سیاست میں بھی، عمران خان وزیراعظم کی کرسی تک بیساکھیوں کے سہارے پہنچے، ٹھگ آف پاکستان مریم نواز فوبیا میں مبتلا ہوچکا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کی پریس کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپنے ایمپائر کھڑے کرکے میچ کھیلنا عمران خان کا پسندیدہ مشغلہ ہے کیونکہ غیر جانبدار ایمپائروں کے بغیر عمران خان کرکٹ میں بھی فیل اور سیاست میں ہوتے آرہے ہیں، عمران خان کی سیاسی پیدائش ہی آڈیو،ویڈیو اور آر ٹی ایس کے مرہون منت ہے، جہانگیرترین کے جہاز میں ارکان اسمبلی کو آلو ،مٹر وں کی طرح لاد لاد کر بنی گالہ پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف 2018کے الیکشن میں جیل میں نہ ہوتے تو آج عمران خان کسی سڑک پر دھرنا دے کر بیٹھے ہوتے، نوازشریف کو مائنس کرتے کرتے مشرف ملک سے فرار ہوگئے، نوازشریف کی جماعت اور انکا ووٹ بینک پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ عظمٰی بخاری نے کہا کہ کوئی کٹھ پتلی،مہرہ یا چابی والا کھلونا نوازشریف کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے کی جرات نہیں کرسکتا، این اے 133میں پی ٹی آئی کے ساتھ پیپلزپارٹی کی سیاست بھی ہمیشہ کیلئے دفن کردینگے