جنرل باجوہ نے پاک فوج کی کمان جنرل سید عاصم منیر کو سونپ دی

پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی تقریب آج بروز منگل 29 نومبر کو جنرل ہیڈکوارٹرز ( جی ایچ کیو) ( GHQ ) میں ہوئی، جہاں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل باجوہ نے پاک فوج کی کمان جنرل سید عاصم منیر کے سپرد کی۔جی ایچ کیو سے ملحقہ ہاکی اسٹیڈیم میں کمان کی تبدیلی کی تقریب سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر انہوں نے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔تبدیلی کمان کی تقریب کا آغاز ملٹری بینڈ کی جانب سے پیش کی گئی خوبصورت دھنوں سے ہوا۔پنڈال آمد پر اعزازی گارڈز کی جانب سے شاندار گارڈ آف آنر اور الوداعی سلامی پیش کی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اعزازی گارڈ کا معائنہ کیا۔ جنرل سید عاصم منیر فور اسٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگا کر تقریب میں شریک ہوئے۔تقریب میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے، حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران اور خواتین نے راحیل شریف کے ساتھ تصاویر بنوائیں، جب کہ سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی بھی اچکن اور جناح کیپ میں ملبوس، تقریب میں شريک ہوئے۔تقریب میں سبکدوش ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے چھ برس بعد پاک فوج کی کمان نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے حوالے کی۔کمان کی تبدیلی کی تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد، ایئرفورس چیف ایئرمارشل ظہیر احمد بابر سندھو، لیفٹننٹ جنرل نگار جوہر، سابق فوجی سربراہان، غیر ملکی مندوبین، ملٹی اتاشی، وفاقی وزرا اور وزرائے اعلیٰ بھی موجود تھے۔