نئے آرمی چیف کی تعیناتی ملک اور فوج کے لیے مثبت ثابت ہوگی: جنرل قمر جاوید باجوہ

کمان کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب میں سبکدوش ہونے والے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی ملک اور فوج کے لیے مثبت ثابت ہوگی۔اپنے الوداعی خطاب میں جنرل باجوہ نے کہا کہ سبکدوش ہونے کے بعد بھی پاکستان فوج کی ہر کامیابی پر خوشی محسوس کروں گا۔ فخر ہے کہ فوج کی قیادت قابل افسر کے سپرد کی، یقین ہے فوج جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں کامیابی کی منزلیں طے کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے ایک جملہ دہراتے ہوئے کہا کہ جنرل ڈگلس نے کہا ہے پُرانے فوجی کبھی مرتے نہیں، بس وہ منظرسے ہٹ جاتے ہیں اور یہ ہی وجہ ہے کہ ریٹائر ہونے کے بعد بھی فوج سے میرا روحانی رشتہ قائم و دائم رہے گا۔جنرل باجوہ کے مطابق 6 سالہ دور میں دہشت گردی سے لے کر ہر مشکل میں فوج نے میری آواز پر لبیک کہا۔ میں اللہ کا شکر گزار ہوں جس نے اس عظیم فوج میں خدمات کا موقع دیا۔ اپنی فوج پر فخر ہے جو کم وسائل کے باوجود سیاچن سے لے کر صحرا تک سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، یہ لسانیت، رنگ نسل اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک کے چپے چپے کا دفاع کرتی ہے۔