سب مرین کیبل میں خرابی سے پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ سنگاپور اور فرانس تک پھیلی ہوئی سب مرین مواصلاتی کیبل جنوب مشرقی ایشیا-مشرق وسطیٰ-مغربی یورپ 5 کے متعدد مقامات پر دہرے کٹ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی رپورٹس ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پی ٹی اے نے کہا کہ کیبل میں خرابی کی نشان دہی مصر کے شہروں ابو طلاب اور زعفرانا کے درمیان کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ صارفین کو بلاتعطل انٹرنیٹ سروس جاری رکھنے کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے ہیں اور خرابی کے خاتمے کے لیے کام جاری ہے۔دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کا کہنا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ سروس میں جزوی فرق پڑا تھا اور چند صارفین کو سروس میں معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی سی ایل کا انٹرنیشنل سب مرین کونسورشیم سے اشتراک ہے اور ترجیحی بنیاد پر انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔