پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا کے ذریعے منظم سازش کی جارہی ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا کے ذریعے منظم سازش کی جارہی ہے ہم سب نے ملک کر اس کو ناکام بنانا ہے۔ کوئٹہ میں گرلز کالج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دوسرے ممالک میں منظم قسم کے سیل بیٹھ کر پاکستان کیخلاف سازش کر رہے ہیں، آپ کو ریاست سے دور کرتے ہیں، پاکستان سے دور کرتے ہیں، ریاست کے خلاف بچوں کی ذہن سازی کی جارہی ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، آپ نے پاکستان کیلئے آگے بڑھنا ہے، آپ نے جھوٹے پراپیگنڈا کو رد کرنا ہے،اس کا حصہ نہیں بننا۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ کے بچوں کا کیا گناہ تھا جن کو آج سے 2 ہفتے پہلے چوک پر شہید کردیا گیا، تم نے معصوم بچیوں کا خون بہایا تو کیا ہوا تعلیم بند ہوگئی؟ ہم اپنے سکول اور کالجز ویران نہیں ہونے دیں گے، ہم طلبہ کی مدد سے دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے، بلوچستان میں کرپشن جیسا دہشتگردی کا چیلنج ہے وہ بھی ختم ہوگا۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ یوتھ نے میرا بازو بننا ہے، بچیاں میرا بازو بنیں گی تو یہاں سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا، آپ سوشل میڈیا کے ذریعے مجھ تک کرپشن والا معاملہ پہنچائیں، جس نےآپ سے پیسے لیے ہوں گے اس کو الٹا لٹکا دوں گا، آپ آگے بڑھیں تو یہاں سے کرپشن کا خاتمہ کرینگے، ہم ملکر بلوچستان کو آگے لیکر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا ہمارا ایک خواب ہے، ماؤں،بہنوں اور بچیوں کو معاشرے میں کردار ادا کرنا ہے، میں نے 5 خواتین ڈپٹی کمشنرز لگائی ہیں، خواتین ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی مردوں سے بہتر ہے، 50 سکوٹیز دے رہے ہیں، گرلز کالج کی ایک بچی کو سکوٹی دی ہے، ایک خاتون کانسٹیبل جو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ڈیوٹی کرتی ہے ان کو بھی ایک سکوٹی دی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ہم وسائل فراہم کریں گے تو بچیاں آگے بڑھیں گی، ہم وسائل دیں گے تو بلوچستان اور یہ ملک آگے بڑھے گا، آج صوبے میں میرٹ پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔