پاکستان کامخالف افغان سیاستدانوں سے رابطے کرنے کا سلسلہ تیز،امریکی اخبار
امریکی اخبار میرین کورٹائمزکے مطابق افغانستان میں پشتون رہنماؤں سے تعلقات کی تاریخ رکھنے والا پاکستان ایسے غیر پشتون سیاست دانوں سے رابطے بڑھارہا ہے جو پاکستان کے خلاف ہیں۔ رپورٹ میں تاجک ، ازبک اور دیگر غیر پشتون سیاست دانوں کے ساتھ رابطوں کو پاکستان کی پالیسی میں اہم تبدیلی قراردیا گیا ہے جو امریکی حمایت سے جاری افغان امن عمل میں مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فروری میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھرنے افغانستان کے دورے میں تاجک ، ہزارہ اور ازبک رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔ جولائی میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کابل میں نئے پاکستانی سفارت خانے کی افتتاحی تقریب میں پاکستان مخالف رہنماؤں کو بھی مدعو کیا تھا۔ پاکستانی اور افغان حکام کے مطابق اس کے بعد بھی کابل میں پاکستانی سفیر محمد صادق اورحساس اداروں کے نمائندے غیرپشتون افغان رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں لیکن یہ رابطے منظرعام پرنہیں لائے گئے۔