تحریک انصاف کی منحرف ایم این اے عائشہ گلالئی کی کرپشن بے نقاب کرنیوالے سابق پرسنل سیکرٹری نورزمان کو قتل کر دیا گیا
تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے خلاف کرپشن کے ثبوت نیب میں پیش کرنے والے سابق پرسنل سیکرٹری نورزمان کو لکی مروت کے علاقے تجوڑی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ نورزمان کو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ گھر سے باہر کسی کام کیلیے نکلے اور انہیں راستے میں ہی گولیاں مار دی گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے مقتول نورزمان کی لاش قریبی اسپتال منتقل کی جہاں ان کی موت کی وجہ زیادہ خون بہہ جانا اور حرکت قلب بند ہونا بتائی گئی۔پولیس نے عینی شاہدین کے بیان قلمبند کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ عائشہ گلالئی کے سابق پرسنل سیکرٹری نورزمان نے ان پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے شواہد کے ہمراہ نیب میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں مخلتف ترقیاتی پراجیکٹس کی مد میں لی گئی کروڑوں کی رشوت کو بے نقاب کیا گیا تھا۔ نورزمان نے انکشاف کیا تھا کہ عائشہ گلالئی ایک ایک کونسلر کو ٹکٹ دلوانے کے دس،دس لاکھ روپے وصول کرتی تھیں اور یہ معاملات عائشہ گلالئی کے والد کرایا کرتے تھے۔