برطانیہ: لیسسٹر سٹی فٹبال کلب کے مالک سمیت 5 افراد ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک
لندن: برطانوی شہر لیسسٹر میں کنگ پاور اسٹیڈیم کے باہر ہیلی کاپٹر گرنے سے مشہور فٹبال کلب لیسسٹر سٹی کے مالک وچائی سریودھاناپ رابھا سمیت تمام 5 افراد ہلاک ہوگئے۔فٹبال کلب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں فٹبال کلب کے مالک وچائی سریودھاناپ رابھا سمیت 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق وچائی سریودھاناپ رابھا کے علاوہ ہیلی کاپٹر میں ہلاک ہونے والوں میں 53 سالہ پائلٹ ایرک سوافر، ان کی 46 سالہ دوست روزا لیچووکس اور وچائی سریودھاناپ رابھا کے اسٹاف کے 2 ارکان نُرسارا سُکنامائی اور کاویپورن پُن پرے شامل ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر کنگ پاور اسٹیڈیم سے اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد ہی بے قابو ہوگیا اور کلب کی اسٹاف کار پارکنگ میں گر کر تباہ ہوگیا۔