کسی نے این آر او کیلئے رابطہ نہیں کیا، ہمت ہے تو اس کا نام لیں: نوازشریف
اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہےکہ ان کی جماعت کے کسی فرد نے این آر او کے لیے رابطہ نہیں کیا اور ہمت ہے تو اس فرد کا نام لیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران میاں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان کا بڑا احترام کرتاہوں، ان سے متعلق احساسات اور جذبات اپنی جگہ پر ہیں، ان سے ہونے والی بات میڈیا کے سامنے نہیں کرنا چاہتا، وہ باتیں اپنی پارٹی اور شہباز شریف کے ساتھ کرنا چاہتاہوں۔سابق وزیراعظم نے شہبازشریف کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے دیانت داری اور محنت کےسا تھ کام کیا، دن دیکھا نہ رات، سردی دیکھی نہ گرمی، اپنی نیندیں خراب کیں اور جان جوکھم میں ڈال کر جو کام کیا اس کا نتیجہ اور ثمرات آج نہ صرف پنجاب بھر بلکہ ملکی سطح پر نظر آرہے ہیں۔