جنوبی کوریا کی حکومت کا سکولوں میں کھانا مفت فراہم کرنے کا اعلان
جنوبی کوریا کی حکومت نے دارالحکومت سیﺅل کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں 2021 ءتک دوپہر کا کھانا مفت فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔سیﺅل کے میئر پارک وان سون کے مطابق اس وقت دارالحکومت کے 939 سکولوں میں طلبا کو دوپہر کا کھانا مفت فراہم کیا جا رہا ہے ، 2021 ءتک یہ سہولت تمام 1302 سکولوں میں فراہم کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ملکی آئین کے تحت کیا جا رہا ہے جس میں بچوں کو مفت لازمی تعلیم ریاست کی ذمہ داری قرار دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سکولوں میں دوپہر کا کھانا مفت فراہم کرنے پر سالانہ سات کھرب وون (81 ارب 53 کروڑ روپے ) خرچ کرے گی۔جنوبی کوریا کی حکومت نے سرکاری سکولوں میں دوپہر کا مفت کھانا فراہم کرنے کے منصوبے کا آغاز 2011 ءمیں کیا تھا جس کو بتدریج وسعت دی جا رہی ہے۔