عمران خان این آر او کا الزام لگا رہے ہیں، جرات کر کے نام بھی بتا دیں کہ کس نے این آر او مانگا،سابق وزیراعظم نواز شریف

این آر او کے سوال پر میاں نواز شریف نے چپ کا روزہ توڑ ہی دیا، حکمران جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کس نے این آر او مانگا ہے ؟ خان صاحب این آر او کا الزام لگا رہے ہیں، جرات کر کے نام بھی بتا دیں، ہم میں سے کسی نے این آر او نہیں مانگا۔ سیاسی معاملات پر گفتگو سے ایک بار پھر گریز کیا کہا کہ سب جانتے ہیں وہ کس کیفیت سے گزر رہے ہیں ، ابھی تک خود کو سیاسی معاملات کی طرف واپس نہیں لاسکے، بیگم کلثوم کے آخری ایام کے دوران میں سلاخوں کے پیچھے تھا۔ میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے دیانت داری ، محنت اور جان جوکھوں میں ڈال کر کام کیا ہے۔ شہبازشریف کی محنت کا صلہ، پنجاب اور ملکی سطح پر دیکھ رہے ہیں کہ صاف پانی اسکینڈل میں بلایا گیا، کچھ نہ ملا تو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمان کے جذبات اور احساسات کی قدر کرتا ہوں، ان سے جو بھی مشاورت ہوئی وہ یہاں نہیں بتا سکتا۔