وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، آزادی مارچ سے متعلق بڑے فیصلوں کا امکان
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم ترین اجلاس آج ہوگا، جس میں آزادی مارچ کے حوالے سے بڑے فیصلوں کا امکان ہے، اجلاس میں جے یو آئی ف،انتظامیہ کیساتھ معاہدے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم ترین اجلاس آج صبح ساڑھے گیارہ بجے وزیر اعظم آفس میں ہوگا، اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے آزادی مارچ کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں پرویز خٹک مذاکرات کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ کل کابینہ میں پیش کریں گے اور جے یو آئی ف، انتظامیہ کیساتھ معاہدے کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں کابینہ کو وفاقی دارالحکومت سمیت ملک میں امن وامان پر بھی بریفنگ دی جائے گی جبکہ آزادی مارچ کے حوالے سے بڑے فیصلے متوقع ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 13 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق وزارتوں، ڈویژنز میں سی ای اوز، ایم ڈیز کی خالی پوسٹوں کا معاملہ ، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان میں بلندعمارتوں کی تعمیرکی پالیسی کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہیں۔