حکومت کو نواز شریف کی ضمانت سے متعلق عدالتی فیصلہ قبول ہے،فیصلے سےدیگربیمارقیدیوں کیلئےبھی ریلیف کادروازہ کھلاہے: فردوس عاشق
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کے تدارک کے لیے ان کی وزارت کی جانب سے ای نیوز لیٹر جاری کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان کے مخصوص علاقوں میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کی اجازت دینے کا نوٹی فیکیشن جاری کرنے کی منظوری دی اور اس عمل کو ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ غلط، بے بنیاد اور جھوٹی خبروں کے تدارک کے لیے خصوصی اقدامات کیے گیے ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کو بے نقاب کرنے کے لیے ایسی خبروں پر مشتمل ای نیوز لیٹر کا اجرا کیا جائے گا۔پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے تجویز پیش کی گئی ہے کہ سرکاری اداروں اور سرکاری ملازمین کے درمیان رابطوں کے لیے وٹس ایپ کی طرز پر اپیلی کیشن تیار کی جا رہی ہے تاکہ سرکاری کاموں میں سہولت ہو اور اس عمل کو محفوظ بنایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پیشہ وارانہ افراد کو نوکریوں کی تلاش میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی ایک اپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہوابازی ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ ملک کے ہوائی اڈوں کا انتظام بہتر طور پر چلانے کے لیے حکومتی پالیسی کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ آمدنی کے ساتھ ساتھ مسافروں کو عالمی معیار کے مطابق سہولتیں میسر ہوں۔معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ نے ہوائی کمپنیوں کے لائسنس کی تجدیدکا اختیار متعلقہ وزیر کو تفویض کرنے کی منظوری دی ہے جس کا مقصد کمپنیوں کو سہولت دینا اور لائسنس کی تجدید کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر فیسیلیٹیز منیجمنٹ ایکٹ 2019کے مسودے کی منظوری کا ایجنڈا واپس لے لیا تاہم کمیٹی برائے قانون سازی میں اس کو پیش کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔